• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی زیدی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، بحری امور پر گفتگو


لندن (سعید نیازی/جنگ نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائز یشن اسمبلی میں پاکستانی وفد کے اراکین کے ساتھ8دسمبر 2021کو لندن میں برطانیہ کے وزیر برائے ہوا بازی اور میری ٹائم ،ایم پی رابرٹ کورٹس سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں میں بحری امور سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور بشمول بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور دیکھ بھال، بحری جہازوں کے عملے کے لیے ویزوں کی پروسیسنگ، میری ٹائم معاملات میں استعداد کار بڑھانے اور دونوں ممالک کی میری ٹائم اکیڈمیوں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرا نے آئی ایم او کے فریم ورک کے اندر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن اقوام متحدہ کی ایک خصوصی ایجنسی ہے جو قوانین کو ہم آہنگ کرنے اور سمندری مسائل پر رکن ممالک کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے کی ذمہ دار ہے۔ پاکستان 1958 سے اس تنظیم کا فعال رکن ہے۔ وزیر علی زیدی IMO اسمبلی کے 32 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ دریں اثناء دریں اثناء وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے پاکستانی وفد کے ارکان کے ساتھ لندن میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل کیٹک لم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کے سمندری امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی زیدی نے آئی ایم او کے سربراہ کو میری ٹائم سیکٹر میں پاکستانی حکومت کے مختلف اقدامات بشمول کلین اینڈ گرین شپنگ کو فروغ دینے کی کوششوں سے آگاہ کیا جبکہ سیکرٹری جنرل لم نے آئی ایم او کے پروگراموں اور ترجیحات کا خاکہ پیش کیا۔ جہاز رانی کے شعبے میں پاکستان کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر برائے بحری امور نے سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ پاکستان میں گوادر بندرگاہ کو ٹرانس شپمنٹ کے مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جو علاقائی تجارت اور اقتصادی انضمام کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ علی زیدی نے سیکرٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے سیکرٹری جنرل نے قبول کر لیا۔ یاد رہے کہ پاکستان کے بحری امور کے وزیر علی زیدی 6 سے 15 دسمبر 2021 کو لندن میں ہونے والے IMO اسمبلی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

تازہ ترین