• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسپورٹ اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے: عالیہ حمزہ


پاکستان کی معاشی صورتِ حال پر حکومت نے اعداد و شمار جاری کر دیئے، جن میں حکومت کی جانب سے ایکسپورٹ اور ترسیلاتِ زر میں اضافے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری کامرس عالیہ حمزہ نے معاشی اعداد و شمار جاری کیئے ہیں، ان کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال ایکسپورٹ میں27 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، جس کے بعد ایکسپورٹ گڈز 12 اعشاریہ 35 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ترسیلاتِ زر میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ترسیلاتِ زر 10 اعشاریہ 55 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

عالیہ حمزہ کے مطابق رواں سال ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں 30 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد ٹیکسٹائل ایکسپورٹس 7 اعشاریہ 84 ارب ڈالر ہو گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ایکسپورٹس میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی تا اکتوبر 2021ء آئی ٹی ایکسپورٹس 830 ملین ڈالر رہیں۔

پارلیمانی سیکریٹری نے بتایا ہے کہ جولائی تا نومبر 2314 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا ہوا، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔

عالیہ حمزہ کے مطابق کاروں کی فروخت میں 71 فیصد، ٹریکٹرز کی فروخت میں 14 فیصد، ڈومیسٹک سیمنٹ کی سیلز میں ایک فیصد اضافہ ہوا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال فرٹیلائزر یوریا کی سیلز 10 فیصد، پیٹرولیم سیلز 22 فیصد اور کاٹن کی سیلز 54 فیصد بڑھی ہیں۔

عالیہ حمزہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نون لیگ اپنے دور میں 284 ارب ڈالر جی ڈی پی چھوڑ کر گئی تھی، اس وقت جی ڈی پی تاریخ کی دوسری بلند ترین سطح 315 ارب ڈالر پر پہنچ چکی ہے، جبکہ لارج اسکیل مینو فیکچرنگ انڈیکس میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین