• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غضنفر بلور کی PTI میں شمولیت کے فیصلے کا خاندان سے تعلق نہیں: غلام بلور

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ غضنفر بلور کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ انفرادی ہے، بلور خاندان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما الیاس بلور کے صاحبزادے غضنفر بلور کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے حوالے سے اے این پی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔

پشاور سے جاری کیئے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ بلور خاندان اے این پی کے ساتھ ہے اور رہے گا، غضنفر بلور کو اس فیصلے پر ایک دن پچھتاوا ہو گا۔

حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ غضنفر بلور بھول گئے، ان کے والد پر تشدد کیا گیا، جب وہ سیاست میں بھی نہیں تھے، ہم چاروں بھائیوں نے 4 دہائیوں تک مشکلات اور حالات کا مقابلہ کیا۔

سینئر رہنما اے این پی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلور خاندان نے پارٹی کے لیے 3 جانوں کی قربانیاں دیں لیکن اس قسم کے فیصلے نہیں کیے، بشیر بلور شہید، ہارون بلور شہید اور شبیر بلور شہید جیسی قربانیوں کی مثال ملک میں نہیں ملے گی۔

واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس بلور کے صاحبزادے غضنفر بلور پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں۔

خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان سے ملاقات میں غضنفر بلور نے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

غضنفر بلور، مرحوم بشیر بلور اور سابق وفاقی وزیرِ غلام احمد بلور کے بھتیجے ہیں، وہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر رہ چکے ہیں۔

اے این پی KPK کے ترجمان  نے کیا کہا؟

اس سے قبل اس حوالے سے اے این پی خیبر پختون خوا کے ترجمان ثمر ہارون بلور کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ غضنفر بلور غیر سیاسی ہیں، اے این پی میں شامل بلور خاندان پارٹی کے ساتھ ہے۔

ثمر بلور کا یہ بھی کہنا تھا کہ غضنفر بلور کو پی ٹی آئی میں عہدہ مل رہا ہے تو ان کے ساتھ ہماری نیک خواہشات ہیں۔

تازہ ترین