اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ حکومت گوادر میں جاری عوامی احتجاج کا فوری حل نکالے، پرامن مظاہرین کے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گوادر میں جاری عوامی احتجاج کا فوری حل نکالے، پرامن عوامی احتجاج اور اس میں ہزاروں افراد کی شرکت گوادر کے عوام کی اخلاقی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے فیصلہ سازوں میں سمجھ بوجھ ہو تو اس احتجاج کو مثبت انداز میں دیکھیں، بلوچستان میں پر تشدد علیحدگی پسند تحریکیں اس احتجاج سے کمزور ہونگی ۔ انہوں نے کہ اکہ جب پہاڑوں میں موجود نوجوان دیکھیں گے کہ پرامن احتجاج سے مطالبات منوائے جا سکتے ہیں تو وہ بھی بندوق پھینک دیں گے، حکومت کو بہرصورت پرامن مظاہرین کے ساتھ بیٹھ کر ان کے جائز مطالبات ماننے چاہیں، ریاستی جبر اور گرفتاریوں کے ذریعے عوام کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔