• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے پروڈیوسر نے 16 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا تھا: روبینہ دلیک کا انکشاف

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک نے انکشاف کیا ہے کہ کام کے سلسلے میں پروڈیوسر نے اُنہیں بھارتی 16 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا تھا۔

حال ہی میں بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے روبینہ دلیک نے کہا کہ ’سال2011 میں اُنہیں ایک پروڈیوسر سے اپنے کام کی ادائیگی لینے تھی جو کئی مہینوں کی باقی تھی، نو مہینے گزرنے کے بعد جب اداکارہ نے پروڈیوسر سے صرف ایک بار ملنے کی کوشش کی تاکہ یہ سمجھ سکیں کہ کیا ہو رہا ہے تو اُنہیں بتایا گیا کہ پروڈکشن ہاؤس کو شوٹنگ میں تاخیر کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘

روبینہ دلیک نے کہا کہ ’پروڈکشن ہاؤس نے مجھے ایک ریکارڈ سونپ دیا جس میں کہا گیا کہ اداکارہ شوٹنگ پر تاخیر سے آئیں جس کی وجہ سے 16 لاکھ روپے کا نقصان ہوا جو کہ روبینہ کو اپنی جیب سے دینا ہوگا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’پروڈیوسر نے دھوکہ دہی سے مجھ سے 16 لاکھ روپے لیے جس کی ادائیگی کے لیے مجھے اپنا گھر اور گاڑی تک فروخت کرنی پڑی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اس وقت میرے پاس دو گھر تھے، مجھے اپنا گھر بیچنا پڑا، میں تباہ ہو گئی تھی، میں نے اپنی گاڑی تک بیچ دی۔‘

روبینہ دلیک نے مزید کہا کہ ’اس واقعے کے بعد، میں ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئی تھی۔‘

واضح رہے کہ روبینہ نے ابھینو شکلا سے شادی کی جو ایک ٹیلی ویژن اداکار بھی ہیں۔ یہ جوڑا پچھلے سال بگ باس 14 میں نظر آیا تھا، جب وہ علیحدگی کے دہانے پر تھے۔ تاہم، شو نے جوڑے کو اپنے اختلافات دور کرنے میں مدد کی۔

خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین