سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کے قتل کیس میں گرفتار مزید 18 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت گوجرانوالا میں پیش کیا گیا، جہاں پر عدالت نے ملزمان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ملزمان کو 28 دسمبر کو دوبارہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے 6 دسمبر کو بھی پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار 26 مرکزی ملزمان کا 15 روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا، جنہیں21 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی۔