اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے گوادر میں حق دو تحریک کے مطالبات کے حق میں قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کرا دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کا یہ ایوان حق دو تحریک کی طرف سے گوادر، بلوچستان میں گزشتہ 29دنوں سے اپنے آئینی و قانونی حقوق کی منظوری کے لئے پرامن احتجاج پر تحسین اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ قومی اسمبلی کا یہ ایوان اس امر کی بھی حمایت کرتا ہے کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا اور بنیادی حق وہاں کے رہائشیوں کا ہے اور آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے وہاں کے عوام کو تمام بنیادی حقوق کی فراہمی اور جان ومال کا تحفظ وفاقی اور صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ یہ ایوان گوادر میں جاری بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے حق دو تحریک کے تمام اصولی مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔