مریم نواز اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی میں سب سے نمایاں نظر آئیں، انہوں دل کش لباس زیبِ تن کیے۔
شریف فیملی میں ایک سے بڑھ کر ایک سُریلا فن کار ہے، جنید صفدر کی شادی کے موقع پر ان کے ساتھ ساتھ حمزہ شہباز اور خود مریم نواز نے بھی گانے گائے۔
شادی مریم نواز کے صاحب زادے جنید کی ہو رہی ہے اور چرچے ہیں دلہے میاں کی والدہ کے۔
مریم نواز نے اپنے بیٹے کی شادی کی خوشی میں خوب صورت ترین لباس زیب تن کیے اور موقع کی مناسبت سے گانے بھی گائے۔
مایوں کی رسم ہوئی تو مریم نے خود بھی گانا گایا بلکہ دوسروں کو بھی گانے پر اُکسایا اور ایسے اُکسایا جیسے وہ اپنے جلسوں میں عوام کو نعرے لگانے پر اکساتی ہیں۔
ایک مرتبہ وہ اپنے کزن حمزہ شہباز کو پکڑ کر اسٹیج پر لے آئیں اور حمزہ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
بیٹے جنید کی گلوکاری کے چرچے تو لندن ہی سے تھے، لیکن اپنی شادی پر انہوں نے گلوکار راحت فتح علی خان کو سامنے بٹھا کر ان ہی کا گانا گایا۔
لیکن جب جب خوش لباس مریم نواز نے انٹری دی، سب ماند پڑ گئے، مریم نواز نے گلوکاری کے شعبے میں بھی سب کو لمبے مارجن سے شکست دی۔