• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، کورونا وائرس سے اموات میں اچانک اضافہ


پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 34 ویں نمبر پر آ چکا ہے، اس موذی وائرس کے باعث اموات میں اچانک اضافہ سامنے آیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 277 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 14 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 243 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 66 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 863 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 90 ہزار 491 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 9 ہزار 471 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 718 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 52 ہزار 157 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 41 ہزار 927 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 27 لاکھ 30 ہزار 952 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 لاکھ 39 ہزار 561 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 13 کروڑ 71 لاکھ 20 ہزار 270 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 5 کروڑ 86 لاکھ 85 ہزار 427 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 78 ہزار 717 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 648 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 44 ہزار 74 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 55 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار 887 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 903 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 8 ہزار 215 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 963 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 630 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 745 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 540 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 363 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 428 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید