• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کی شارع اقبال پر بم دھماکے کا مقدمہ درج

کوئٹہ کی شارع اقبال پر ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

بم دھماکے کے مقدمے میں قتل، اقدام قتل، ایکسپلوزو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

گزشتہ روز کوئٹہ کے معروف کاروباری علاقے شارع اقبال پر ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے سے شارع اقبال پر کھڑی گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

پولیس کا اس حوالے سے بتانا تھا کہ ہفتہ کی شب زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے نتیجے میں ندا محمد نامی شخص جاں بحق جبکہ ایک بچے، تین خواتین سمیت دس افراد زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلئے تھے۔

تازہ ترین