نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال دسمبر (2022)، جنوری (2023) میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، مہمان ٹیم اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آئے گی جہاں وہ دس وائٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن سے ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کے بعد ان دوروں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔
دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں، دونوں بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ وہ مارٹن سینیڈن اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں اور ان سے ہونی والی ملاقاتوں کے نتائج پر بھی بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بورڈز کے مضبوط تعلقات کی ضمانت اور اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ رمیز راجا اور مارٹن سینیڈن کی دبئی میں نتیجہ خیز اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس سے دونوں بورڈز کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اب پاکستان مارچ 2022 سے اپریل 2023 کے دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 8 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔
رواں سال ستمبر میں ہونے والا دورہ پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ختم کردیا تھا۔