• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ سینٹرل جیل میں قیدیوں کو موسیقی کی تربیت دینے کے پروگرام کا آغاز

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)قیدیوں کی اصلاح کے لیے کوئٹہ سینٹرل جیل کی انتظامیہ نے آئی جی جیل خانہ جات کی ہدایت پر موسیقی اور آرٹ سکھانے کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔موسیقی سیکھنے والوں میں سے ایک نوجوان عزیز اللہ بھی ہیں جو چوری کے ایک کیس میں جیل میں بند ہیں۔عزیز اللہ نے بتایا کہ جب وہ جیل میں آئے تو بہت تنگی محسوس ہوتی تھی اور پریشان رہتے تھے۔جیل کے نگران نے پوچھا کہ وہ کیا کام کرتے ہیں، تو انہوں نے بتایا کہ کوئی کام نہیں کرتے مگر موسیقی کا شوق ہے۔ جس پر نگران نے کہا کہ جیل میں اب موسیقی کی کلاس شروع ہو رہی ہے تو اس میں چلے جانا۔عزیز اللہ نے بتایا کہ وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشان رہتے تھے، مگر جب کلاسیں لینا شروع کیں اور ماحول دیکھا تو تھوڑا بہتر محسوس کیا۔عزیز نے بتایا کہ ’یہاں آ کر میں کچھ سیکھتا ہوں اور روز کچھ نیا کرنے کو ملتا ہے۔ طبلہ ، ہارمونیم ہے اور اس سے بڑھ کر ہمارے ایک استاد بھی ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ استاد نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور اب وہ بہت کچھ سیکھ چکے ہیں اور انہیں 10، 12 راگ آتے ہیں۔ ’آواز اچھی ہوگئی ہے۔ گانے بھی گا رہا ہوں۔‘ عزیزاللہ نے بتایا کہ مجھے اب اس فن کے ذریعے بڑا آدمی بننا ہے تاکہ لوگ مجھے اس کے ذریعے پہچان لیں۔عزیز نہ صرف ہارمونیم بجا لیتے ہیں بلکہ گاتے بھی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ رہائی ملنے کے بعد موسیقی کی مزید تعلیم حاصل کریں اور دوسروں کو سکھانے کی بھی کوشش کریں گے۔ کوئٹہ کی جیل میں اس سے قبل میوزک یا کوئی اور ہنر سکھانے کا کوئی بندوبست نہیں تھا۔جیل حکام کہتے ہیں کہ ان اقدامات کا مقصد جیل میں قیدیوں کی اصلاح کرنا ہے اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ دوبارہ وہ جرم نہ کریں جس کی وجہ سےانہیں یہاں آنا پڑا۔

تازہ ترین