پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام، جماعتی ورکرز، عہدیداران اور تمام امیدواران کو بہت مبارک ہو، آپکی شب و روز محنت اور ہمت نے ان ناجائز حکمرانوں کے قلعے کی دیوار گرا دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللّٰہ آپ کی یہ محنت اس ناجائز حکمرانی کے قلعے کی آخری اینٹ نکلنے اور اس ملک کو واپس ایک اسلامی اور جمہوری ملک بنانے تک جاری رہے گی۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ان کی پارٹی کی شاندار کارکردگی پر دلی مبارکباد دی۔
جس پر مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ خیر مبارک، میاں صاحب آپ کا بہت شکریہ‘ انشاءاللّٰہ پی ڈی ایم مل کر اس ناجائز حکومت کا جلد خاتمہ کرے گی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار بھی آگے ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سب سے آگے ہے۔