• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: مقبوضہ کشمیر میں خرم پرویز کی گرفتاری، بھارتی ہائی کمشنر سے جواب طلب

فوٹوز: فائل
فوٹوز: فائل

مقبوضہ کشمیر میں خرم پرویز کی گرفتاری اور جعلی مقابلے کے معاملے پر برطانوی رکن پارلیمان ڈیبی ابراہم اور 19 برطانوی اراکین پارلیمان نے برطانیہ میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر سے جواب طلب کرلیا۔

ڈیبی ابراہم کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق رہنما خرم پرویز معاملے پر خط کے جواب کے اب تک منتظر ہیں۔

آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ آف کشمیر کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہم اور 19 اراکین پارلیمنٹ کے بھارتی ہائی کمشنر کو لکھے گئے خط میں خرم پرویز کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ خرم پرویز کے بارے میں یو این نمائندے، یو این ہائی کمشنر ہیومن رائٹس بھی تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ خرم پرویز کے علاوہ گزشتہ دو برسوں میں ڈھائی ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا کہ انسداد غیر قانونی سرگرمیوں قانون کے تحت گرفتار افراد کو بغیر فرد جرم قید میں رکھا جاتا ہے، جعلی مقابلوں میں دہشت گردوں کے بجائے عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش ہے۔

خط میں کئی پُر تشدد واقعات کا ذکر کیا گیا ہے اور حیدر پورہ میں عام افراد کی ہلاکت کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

تازہ ترین