کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن بلدیاتی وزیراعظم بن گئے ہیں انہیں مبارکباد دیتا ہوں ، مولانا فضل الرحمٰن بتائیں آج وہ سلیکٹڈ ہیں یا الیکٹڈ ہیں، مہنگائی اورٹکٹوں کی غلط تقسیم کی وجہ سے بھی خیبرپختونخوا میں شکست ہوئی، جہاں رشتے دار کھڑے ہوئے ہار گئے جہاں کارکن کھڑا ہوا جیت گئے،خیبرپختونخوا میں جیتنے والے آزاد امیدوار تحریک انصاف کے کارکن ہیں۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما مصدق ملک اور وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا میں شکست کارکردگی کی وجہ سے ہوئی ،پی ٹی آئی نے ووٹ لیا ہے تو پریشر بھی لینا پڑے گا، حکومت کو اوورسیز کی سننی ہے تو اوورسیز میں جاکر الیکشن لڑلے، پاکستان میں الیکشن لڑنا ہے تو غریبوں کی بات سننا پڑے گی، مہنگائی سے عوام کا جینا مشکل ہوگا تو اس کا نتیجہ تو سامنے آئے گا، پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی قیمت عوام ادا کررہے ہیں،ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پشاور میں پیپلز پارٹی اور اے این پی بھی پی ڈی ایم کی طرح مل کر لڑتی تو نتائج ہمارے حق میں ہوتے، آرٹی ایس بہادر کی سپورٹ ختم ہوگی تو مختلف نتائج آئیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈانےکہا کہ پی ٹی آئی الیکشن اکیلے ہی لڑتی آئی ہے آئندہ بھی اکیلے ہی لڑے گی، خیبرپختونخوا میں شکست کو وقار کے ساتھ قبول کرنا چاہئے، مولانا فضل الرحمٰن بلدیاتی وزیراعظم بن گئے ہیں انہیں مبارکباد دیتا ہوں، یہ کہنا غلط ہوگا کہ مہنگائی نہیں ہے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے، عوام کو کوئی مطلب نہیں کہ کیا ہورہا ہے انہیں دالیں، روٹی اور چیزیں سستی چاہئیں،مہنگائی اورٹکٹوں کی غلط تقسیم کی وجہ سے بھی خیبرپختونخوا میں شکست ہوئی، جہاں رشتے دار کھڑے ہوئے ہار گئے ۔