قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی بابر اعظم کو کپتان بنانے کے حق میں نہیں رہے ہیں لیکن بابر نے اپنی پرفارمنس سے انہیں غلط ثابت کردیا ہے۔
44 سالہ شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو میں کہا کہ میں بابر کو کپتانی جیسی بڑی ذمہ داری سونپنے کے حق میں کبھی بھی نہیں رہا ہوں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم کو اکتوبر 2019 میں سرفراز احمد کی جگہ پاکستان کا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ ایک سال بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم کی باگ ڈور بھی سونپی گئی تھی۔
بابر اعظم کو کپتان بنائے جانے کے وقت ماہرین کی رائے تھی کہ بابر اعظم میں قائدانہ صلاحیتیں موجود نہیں ہیں لیکن کپتان نے اپنی حالیہ پرفارمنس سےناقدین کو خاموش کروادیا۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے یو اے ای میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے تمام گروپ میچز جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، ٹورنامنٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والی واحد ٹیم تھی۔
اس کے بعد گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کو T20 اور ٹیسٹ سیریز دونوں میں وائٹ واش کیا۔
آئی سی سی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی بابر اعظم کا راج ہے۔