ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے نالج پارک کے وزیراعظم کے افتتاح پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب اکتوبر 2014ء میں افتتاح ہوئے منصوبے کا آج پھر سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نالج پارک کا افتتاح 2014ء میں شہباز شریف صاحب کرچکے تھے، ڈی ایچ اے لاہور میں نالج پارک مسلم لیگ نون کے دور میں بنا اور افتتاح ہوا تھا۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب عوام کو آپ کی جھوٹی تختیاں نہیں بلکہ رخصتی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب نے شہباز شریف کی بنائی ہوئی تمام لائبریریاں بند کردیں، وزیر اعظم صرف نواز، شہباز کے منصوبوں کا نام بدل کر تختیاں لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب الزام بھی شہباز شریف پر اور ان کے منصوبے کا کریڈٹ بھی لیتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کے منصوبوں کا دوبارہ افتتاح چھوڑیں اور گھر جانے کی پلاننگ کریں، آپ کی رخصتی کے عوامی منصوبے کا افتتاح ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور جائیں گے، جہاں وہ شیخ ابوالحسن شازلی سینٹر فار صوفی ازم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کریں گے اور لاہور نالج ٹیکنو پارک کا ڈیفنس کے قریب سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔