• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کولمبو (جنگ نیوز )سری لنکا ایران کا واجب الادا قرض چائے سے اتارے گا ،سری لنکا کے ٹی بورڈ کاکہنا ہے کہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے ، تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں حکومت کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ایران سے درآمد کیے جانے والے تیل کی قیمت اپنی چائے کی پتی سے ادا کرے گا۔رمیش پتھیرانا کا کہنا ہے کہ 251 ملین ڈالر کا قرضہ اتارنے کے لیے سری لنکا ہر مہینے پانچ ملین ڈالر کی چائے ایران کو دے گا۔سری لنکا کو اس وقت بیرونی قرضوں اور زر مبادلہ کے ذخائر سے متعلق شدید بحران کا سامنا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء کے نتیجے میں سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی میں انتہائی کمی سے ملک کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سری لنکا میں ’ٹی بورڈ‘ کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ یہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ چائے کے بدلے بیرونی قرضہ ادا کیا جا رہا ہے۔رمیش پتھیرانا کا کہنا ہے کہ قرضے کی ادائیگی کے اس طریقۂ کار سے ایران پر اقوامِ متحدہ یا امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہو گی کیونکہ چائے کا شمار ان اشیاء میں ہوتا ہے جو انسانی فلاح کے زمرے میں آتی ہیں اور اس معاملے میں کوئی بھی ایسا ایرانی بینک شامل نہیں ہے جسے بلیک لسٹ کیا گیا ہو۔
تازہ ترین