• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی ووٹ بینک میں کمی نہیں اضافہ ہوا، فرخ حبیب کا دعویٰ

وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں کمی نہیں اضافہ ہوا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کی حکمت عملی کا جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں بہتر حکمت عملی اور امیدواروں کے ساتھ جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ سے کہا کہ پی ٹی آئی کو مجموعی طور پر زیادہ ووٹ ملے ہیں، ہمارے ووٹ بینک میں کمی نہیں اضافہ ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں برادری کا بھی عمل دخل ہوتا ہے، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کا بھی اعتراض تھا کہ ان کی خواہش کے خلاف لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ہر الیکشن ایک نیا الیکشن ہوتا ہے، ہم پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا وعدہ پورا کریں گے اور الیکشن وقت پر کرائیں گے تاخیر نہیں کریں گے۔

دوران گفتگو سابق وزیراعظم کا تذکرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف کے پاس لندن میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، وہ واپس آئیں اور اپنی سزائیں پوری کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ملک کو لوٹا ہے، چوری کی، ان کی جگہ جیلیں ہیں، آئین میری خواہش کا تابع نہیں ہے، ن لیگ آئین کی بالادستی کے معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑی رہے۔

تازہ ترین