• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری بیماری کے دوران سیف علی خان ہوٹل میں مقیم رہے، کرینہ کپور

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کورونا کے اومی کرون ویرینٹ سے صحتیاب ہوگئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور جو رواں ماہ کے آغاز میں ایک تقریب میں شرکت کے باعث کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا شکار ہوئیں تھی ،آج اُن کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے اور قریبی دوست امریتا اروڑا کے کورونا وائرس سے نجات کی خبر شیئر کی۔

انہوں نے ساتھ ہی یہ انکشاف بھی کیا کہ سیف علی خان نے میری بیماری کے دوران ہوٹل قیام کیا، صرف اپنے خاندان کی صحت کی خاطر انہوں نے صبر کا مظاہرہ کیا۔

کرینہ کپور نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اب جب کہ وہ وبا سے صحتیاب ہوچکی ہیں تو اپنے بچوں تیمور اور جیہ کو خوب پیار کریں گی۔

بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے نجات اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کی محبت اور دعاؤں کے بدولت ممکن ہوئی ہے، جس پر اُن کا شکر ادا کرتی ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اور امریتا اروڑا نے کر دکھایا، اس ڈرا دینے والے دورانیے میں میری پیاری بہن نے بہت معاونت کی، اس کی شکر گزار ہوں۔

کرینہ کپور نے اس موقع پر جہاں سب کا شکریہ ادا کیا وہیں پر اپنے شوہر کو بالکل بھی نہ بھولیں، جو اس دورانیے میں ایک ہوٹل کمرے میں مقیم رہے اور صبر کے ساتھ وقت گزارا۔

انہوں نے پوسٹ میں سب کو کرسمس کی مبارک باد دی اور ساتھ ہی تجویز دی کہ اپنے بچوں کو اس انداز میں پیار کریں، جیسا پہلے کبھی نہیں کیا۔

کرینہ کپور اور امریتا اروڑا کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سیف علی خان کا گھر سیل کردیا گیا تھا، لاک ڈاؤن میں کرینہ کپور نے اپنے قرنطینہ کی تصویری جھلک شیئر کی تھی، ایسی ہی ایک تصویر میں سیف علی خان اُن سے طویل فاصلے پر تھے۔

کرینہ کپور نے قرنطینہ کے باعث تیمور کی سالگرہ مس کردی تھی تاہم انہوں نے اپنے بیٹے کی ایک پرانی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

تازہ ترین