کراچی (نیوز ڈیسک)جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے ایران پر حملے کا منصوبہ بنالیا ، اسرائیلی پارلیمنٹ کی فنانس کمیٹی نے فوجی کارروائی کی تیاری کے لیے تقریباً 2.9 ارب ڈالر کے اضافی دفاعی بجٹ کی منظوری دی۔
اسرائیلی خطرات کے پیش نظر ایرانی فوجی مشقیں ، بیلسٹک میزائلوں کے تجربات، ایرانی آرمی چیف میجر جنرل محمد باقری کا کہنا ہے کہ ہمارے میزائلز ایران پر حملے کی جرات کرنے والے کسی بھی ملک کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کی فنانس کمیٹی نے جمعرات کی شام خفیہ بجٹ کے فریم ورک کے اندر اضافی بجٹ کی منظوری دی جس کا مقصد فوجی کارروائی کی تیاری تھا۔
اسرائیلی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ قدم ان اطلاعات کے دورران سامنے آیا ہے کہ اسرائیل اپنے جوہری پروگرام کو کم کرنے کی سفارتی کوششوں کی ناکامی کی صورت میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے ہنگامی منصوبے تیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی اپنی پانچ روزہ فوجی مشقوں کے دوران متعدد بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے ۔