• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،بلوچستان فوڈ اتھارٹی کامشہور بیکری پر چھاپہ ،جرمانہ عائد کردیاگیا

کوئٹہ ، قلات(خ ن)معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کوئٹہ کی معروف’’ امبالہ بیکری‘‘ سمیت 2 میٹ شاپس پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ بی ایف اے کی معائنہ ٹیم کی جانب سے انسپیکشن پر میر احمد خان روڈ پر واقع امبالہ بیکری سے زائد المعیاد ماجرین ، بسکٹ و بچوں کے کھانے کی اشیاء برآمد ہوئیں جبکہ ورکرز کی ذاتی صفائی ، دستانے ، ماسک اور ہیڈ کورز بھی نہیں تھے ، جبکہ سمنگلی روڈ پر قائم میٹ شاپس کی چیکنگ کےدوران 2 مراکز(بی ایف اے نے نام جاری نہیں کیا) پر جرمانے عائد کیے گئے ، بی ایف اے حکام کے مطابق میٹ شاپس کو بارہا تنبیہ و اصلاحی نوٹسز کے باوجود دکانوں میں صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے ، گردوغبار میں گوشت لٹکانے اور کٹنگ کیلئے گندے کٹنگ اوزار استعمال کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں قلات میں ہولسیل ٹریڈرز ، جنرل اسٹورز اور بیکرز و بیکنگ یونٹس کا معائنہ کرتے ہوئے بی ایف اے کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے 1 ہول سیلر سے ایکسپائرڈ مصالحے ، فروزن فوڈ اور کولڈرنکس برآمد کر لیں،چیکنگ کے دوران 1 بیکنگ پلانٹ(فوڈ اتھارٹی نےہول سیلر اور بیکنگ پلانٹ کا نام جاری نہیں کیا ) میں پروڈکشن کیلئے کھلا و ناقص کوکنگ آئل اور مضر صحت فوڈ کلرز استعمال کیے جارہے تھے جبکہ یونٹ میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ابتر تھی جس پر دونوں مراکز کو جرمانہ کیا گیا ، مراکز سے ملنے والی زائد المعیاد و غیرمعیاری مصنوعات ضبط کر لی گئیں ۔درایں اثناء عوامی حلقوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ جہاں بھی کارروائی کریں متعلقہ بیکری ،میٹ شاپ ،ہوٹل ،ریسٹورنٹ یا دیگر دکان اور کارخانے کا نام ضرور اخبارات میں مشتہرکریں ،یا ایسی اشیائے خوردو نوش جو ایکسپائر اور مضر صحت ہوں ایسی اشیاء اور ان کو بنانے والی کمپنیوں کے نام بھی اخبارات میں ضرورجاری کریں ،اس سے لوگوں کو محتاط رہنے میںمدد ملے گی۔
تازہ ترین