پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کا کہنا ہے کہ اگر فیصلہ ہو گیا ہے، کرلیا گیا ہے یا کرالیا گیا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف پاکستان آ رہے ہیں، تو یہ ان کا ملک ہے انہیں کون آنے سے روک سکتا ہے، وہ جب چاہیں آ سکتے ہیں۔
سابق وزیرِداخلہ رحمٰن ملک نے اپنی کتاب ’محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت‘ کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دیکھنا ہے کہ آنے کے لیے جو طریقہ کار ہے وہ بتایا گیا ہے یا میاں نواز شریف کسی کو نظر انداز کر کے آ رہے ہیں، یا پارٹی کے کہنے پر آ رہے ہیں۔
سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ یہ صرف میاں صاحب بتا سکتے ہیں کہ وہ کس لیے اور کیوں آ رہے ہیں، آ کر آخر کیا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے آنے سے حکومت کو کیا فرق پڑے گا، حکومت رہے گی یا جائے گی، یہ آنے والے وقت میں سامنے آ جائے گا۔
رحمٰن ملک نے کہا کہ حالات و واقعات پر حکومت کے وزراء بوکھلائے ہوئے ہیں، لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے، طوفان کہیں اٹھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری جب بھی ایکٹیو ہوتے ہیں سوچ سمجھ کر سیاسی چال چلتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف علی زرداری جب بھی بازی سامنے لاتے ہیں تو آگے والے بندے کو ہراتے ہیں، نظر آر ہا ہے کہ آصف زرداری صحیح سیاسی چال چلیں گے۔