اسلام آباد(خبرایجنسی) دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے، بھارتی قابض فورسز نے جعلی مقابلوں میں مزید 6کشمیری نوجوان شہید کر دیے، دسمبر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 18معصوم کشمیری شہید کیے گئے،شہدا کی میتیں لواحقین کی مرضی کے بغیر نامعلوم قبروں میں سپرد خاک کی جا رہی ہیں، بھارت کا رویہ راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ کے ذہنی دیوالیہ پن کا عکاس ہے، بھارتی مظالم، طاقت کا استعمال غیور کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے، کشمیری پوری بہادری سے بھارتی ریاستی دہشتگردی، جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔اتوار کودفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے ، اتوارکی صبح 19سالہ طالبعلم کو ضلع اسلام آباد میں شہید کیا گیا، بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ خطے میں اپنا جبر مزید تیز کر دیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں عام شہریوں کی گرفتاریاں، رات گئے چھاپے مارے جاتے ہیں، کشمیریوں کی تذلیل، انہیں حراساں کرنے کا سلسلہ بھی تیز ہو چکا ہے، کشمیریوں کے ماورائے عدالت، جعلی مقابلوں اور تلاش آپریشنز میں قتل میں تشویشناک اضافہ ہوا، شہدا کی میتیں لواحقین کی مرضی کے بغیر نامعلوم قبروں میں سپرد خاک کی جا رہی ہیں، شہدا کے جسد خاکی نامعلوم قبروں میں دفنانے کا سلسلہ اپریل سے جاری ہے،کشمیری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے۔