وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے اسی کیس میں گرفتار ملزم شاہد احمد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ٹڈاپ اسکینڈل میں مقدمے کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش ہوئے۔ احاطہ عدالت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے گیلانی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹڈاپ کیس کے تین مقدمات میں فرد جرم تیار ہے ۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے کہا کہ ہمیں کاغذات فراہم نہیں کیے گئےجس پر عدالت نے کاغذات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
بعد میں عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی 5 جبکہ ان کے سابق پرسنل سیکریٹری محمد زبیر کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔یوسف رضا گیلانی کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے میں منظور کی گئی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اس لیے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔
عدالت نے کیس کے ایک اور ملزم شاہد احمد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے کیس کی سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔