ویانا (آئی این پی) ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔ کرسمس کے موقع پر مذاکراتی سلسلے میں وقفہ کیا گیا تھا۔ مذاکرات کاروں کی کوشش ہے کہ ایران اور امریکا کو 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے میں دوبارہ واپس لایا جائے جس کے تحت امریکا اور پانچ دیگر عالمی طاقتوں نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کیا تھا جب کہ اس کے عوض ایران نے اپنی جوہری سرگرمیاں محدود بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں یک طرفہ طور پر امریکا کو اس معاہدے سے علیحدہ کر لیا تھا۔