وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق کہا ہے کہ وہ 3 سال سے تاریخیں دے رہے ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمان کا خیال تھا کہ ہم حکومت پلٹ دیں گے، یہ ہر 3 مہینے بعد نئی تاریخ دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے تین سال کے بیانات سامنے لانے چاہئیں، یہ اپنے کارکنوں کو صرف چورن بیچ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن میں دیہاڑی دار سیاستدان ہیں، یہ اپنی دیہاڑی لگاتے ہیں، اپوزیشن میں رہ کر عمران خان نے انہیں ناکوں چنے چبوائے تھے۔
دوران گفتگو فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کے بعد معلوم ہوا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی کتنا بڑا سیسیلین مافیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عدالتوں پر دباؤ ڈال کر کیسز کو اپنے حق میں کروانا چاہتے ہیں، نواز شریف نے خود واپس نہیں آنا، انہیں ہم واپس لائیں گے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ کے ساتھ اس حوالے سے کافی حد تک معاملات طے ہوچکے ہیں، ایازصادق کے بیان سے تو جاتی امراء والوں کا دل ہی بیٹھ گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ منی بجٹ نہیں، ہماری ایڈجسٹمنٹ ہے، بل اسی سیشن میں پاس ہوجائے گا، کابینہ میں اس پر ابتدائی بحث ہوئی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن باتیں کرنے کی بجائے آئی ایم ایف کا متبادل سامنے لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری جو پاکستان کے ساتھ کر گئے ہیں، اس کے نتیجے میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ رہا ہے۔