• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت ظلم سے کشمیریوں کو غلام بنا سکا، نہ بنا سکے گا: شہباز شریف

میاں شہباز شریف —فائل فوٹو
میاں شہباز شریف —فائل فوٹو

مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت ظلم سے کشمیریوں کو غلام بنا سکا ہے، نہ بنا سکے گا۔

لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔

صدرِ مسلم لیگ نون نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی بھارتی جرائم کی حوصلہ افزائی ہے، کشمیریوں کی شہادتیں عالمی اور انسانی حقوق کے اداروں کے لیے چیلنج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء سے کشمیریوں کے قتلِ عام کی شدید لہر جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں املاک و گھر گرائے جا رہے ہیں۔

میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اقلیتوں بالخصوص مسلم کش اقدامات نے دنیا بھر میں بھارت کو انتہاء پسند اور عدم برداشت والا ملک بنا دیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعِ کشمیر حل کیا جائے۔

مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں سے جنوبی ایشیاء اور دنیا کا امن خطرے میں ہے۔

تازہ ترین