• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ،بی ایف اے کی کارروائی ،5مصالحہ پراسسینگ یونٹس ،ایک ہوٹل اوردو میٹ شاپس سیل

کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ناقص خوراک کی فراہمی پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 مصالحہ پروسیسنگ یونٹس،ایک معروف ہوٹل اور 2 میٹ شاپس سیل کردیں۔ دوران انسپیکشن گزشتہ ہدایات و ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گوشت کی7 دکانوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے عالمو چوک میں میٹ شاپس اور ہوٹل کو بالترتیب صفائی کے ناقص انتظامات، دکانوں میں گندگی، آلودہ کٹنگ اوزار، دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے اور کچن ایریا میں انتہائی گندگی و مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل و جرمانہ کیا جبکہ سرکلر روڈ میں واقع مصالحہ پروسیسنگ یونٹس کے خلاف مصالحہ جات میں ممنوعہ و مضر صحت چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز کی مکسنگ پر کارروائی کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ عوام تک معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بی ایف اے کی کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا، غیر معیاری خوراک کا کاروبار کرنے والے اور ملاوٹ مافیا صحت عامہ کو نقصان پہنچانے سے باز آجائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔درایں اثناء عوامی حلقوں نے کہاہے کہ بی ایف اے کی جانب سے جن دکانوں ،کارخانوں ،بیکرز اورگوشت کی دکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جن کو پر جرمانے عائد کیے جائیں یا جن کو سیل کیا جائے تو ان کے نام بھی مشتہر کیے جائیںاور ان مصنوعات کے نا م بھی مشتہر کیے جائیں یہی عوامی مفاد کا تقاضا ہے ،یہاں جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ پنجاب میں مضر صحت اشیائے خوردونوش پر نہ صرف پابندی عائد کی جاتی ہے بلکہ ایسی اشیائے خوردونوش کے نام اور فیکٹریوں اور کارخانوں کے نام بھی مشتہر کیے جاتے ہیں بلوچستان میں بھی چونکہ ایک ’’عوامی ‘‘حکومت قائم ہے اس لیے ان سے گزارش ہے کہ عوام اور غریبوں کے مفاد کا خیال رکھیں ۔
تازہ ترین