• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2021ء کے اختتام کے ساتھ ہی کئی بین الاقوامی آرکیٹیکٹ فرمز نے اپنی سال کے آخر کی رپورٹس جاری کی ہیں، جن میں صارفین کے اعدادوشمار، پیشہ ورانہ مشورے اور 2022ءکے لیے پیش گوئیوں کے ساتھ سب سے زیادہ مقبول گھر کے رجحانات پر مشتمل مارکیٹ ڈیٹا شامل ہے۔ لیکن کیا یہ تمام نتائج ایک جیسے تھے؟

یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ ہر رپورٹ کے اعدادوشمار مختلف ذرائع سے آئے ہیں۔ مثال کے طور پر، Yelp رپورٹ مشہور انٹیریئر ڈیزائنر جیریمیا برینٹ کی رائے اور ان کی تحقیق سے حاصل کردہ معلومات پر مشتمل ہے۔ دوسری طرف، زیلو رپورٹ ہاؤسنگ مارکیٹ کے ڈیٹا اور پیشہ ورانہ تجزیہ سے مرتب کی گئی ہے۔فرسٹ ڈیبس کی رپورٹ، جس میں زیادہ تر انٹیریئر ڈیزائنز اور فرنیچر کے رجحانات کا احاطہ کیا گیا ہے، دنیا بھر کے 750سے زیادہ انٹیریئر ڈیزائنرز کے سروے سے سامنے آئی ہے۔ آخر میں، وے فیئر پروفیشنل رپورٹ برانڈ کے اندرون ملک اسٹائلسٹ سے اشتراک کردہ کمنٹری سے حاصل کی گئی ہے۔

اگرچہ تمام رپورٹس میں زیادہ تر اعداد و شمار ایک جیسے ہیں، تاہم چند اہم مختلف نکات بھی سامنے آئے اور ایک حیران کن نتیجہ بھی ہے، جوکہ حالیہ برسوں میں فرنیچر کے سب سے بڑے رجحانات سے متعلق ہے۔ ان رپورٹس سے کچھ دلچسپ نتائج ذیل میں درج ہیں۔

2022ء کیلئے سبز اور نیلے رنگ

تمام رپورٹس میں کچھ رنگ نمایاں طور پر مشترک ہیں۔ سب اس بات پر متفق ہیں کہ 2022ء میں نیلے اور سبز رنگوں کا غلبہ ہوگا۔ وے فیئر نے خاص طور پر ’ایواکاڈو گرین‘ کا تذکرہ کیا ہے، جب کہ فرسٹ ڈیبس کی رپورٹ نے ’گہرے سبز رنگ جیسے کہ زمرد اور ہلکے شیڈز (چاندی مائل سبز رنگ) کو نئے سال میں مقبول رنگوں کے طور پر دیکھا ہے۔ درحقیقت، 24فی صد انٹیریئر ڈیزائنرز زمرد رنگ کونئے سال کے مقبول ترین رنگ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

اسی رپورٹ میں مجموعی طور پر رنگوں کے رجحانات پر پینٹ برانڈز کے اثر و رسوخ کا بھی ذکر کیا گیا ہے کیونکہ کئی پینٹ برانڈز نے سبز مائل رنگوں کو اپنے سال کے رنگ کے طور پر منتخب کیا ہے۔ اس کی مثال ایک بین الاقوامی پینٹ برانڈ کی جانب سے نئے سال کے لیے متعارف کرایا جانے والا Breezeway نامی رنگ ہے، جو سمندری شیشے سے متاثر چاندی کا سبز سایہ ہے۔

یلپ کی رپورٹ میں برینٹ نے رائے دی ہے کہ 2022ء میں نیلے رنگ بھی بہت اہم رہیں گے۔ ’’یلپ کے بھرپور ڈیٹا کو چھانتے ہوئے، میں نے بہت سے ایسے رجحانات دیکھے، جنھیں میں نے اپنے حالیہ ڈیزائن پروجیکٹس میں استعمال کرنا شروع کیا تھا۔ 2022ء ’ڈسٹی بلیوز‘ کے بارے میں ہوگا‘‘۔

تاہم،فرسٹ ڈیبس نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ان کی ٹرینڈ رپورٹ درجہ بندی میں سرفہرست نیلا رنگ ’کوبالٹ‘ تھا۔ ’’انٹیریئر ڈیزائنرز اس سال مقبول نیلے رنگ کے طور پر سب سے زیادہ ’ کوبالٹ‘ کو دیکھ رہے ہیں، جس نے ’نیوی بلیو‘ کو بھی مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ، جس کی مقبولیت میں ڈرامائی طور پر 43 فیصد کمی واقع ہوئی ہے‘‘۔

وہ گھر مالکان جو 2022ء میں اپنے گھروں کو تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور ابھی بھی نیلے رنگ کے بارے میں غیریقینی سے دوچار ہیں، تو ممکن ہے کہ زیلو کے انٹیریئر پینٹ کے تجزیے سے ان کا ذہن بدل گیا ہو۔ اس رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہلکے نیلے باتھ روم والے گھر توقع سے 1.6 فیصد زیادہ قیمت حاصل کر سکتے ہیں، جب کہ ایک گہرا نیلا بیڈروم ممکنہ طور پر5ہزار ڈالر اضافی قیمت میں فروخت ہو سکتا ہے۔

پائیداری کا راج

پائیداری کا رجحان ابھی تو شروع ہوا ہے اور وقت کے ساتھ دنیا کو جیسے جیسے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا انداز ہوگا، اس میں مزید اضافہ ناگزیر ہوگا۔ فرسٹ ڈیبس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ سروے کیے گئے تقریباً تمام ڈیزائنرز (97 فیصد) نے کہا کہ 2022ء کے لیے پائیدار مواد اور پودے (93 فیصد) ٹرینڈ میں ہوں گے۔ 

زیلو کی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ ’ایکو‘ اور ’انرجی ایفیشینٹ‘ کی خصوصیات رکھنے والے گھر اوسط سے دو دن زیادہ تیزی سے فروخت ہوئے۔ وہ گھر جن کی فروخت میں خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے والی خصوصیات کا ذکر شامل ہوتا ہے، 13 دن تیزی سے فروخت ہوئے اور توانائی کے تحفظ کے لیے نصب سمارٹ اسپرنکلر سسٹم اور ڈبل پین ونڈوز والے گھر توقع سے ایک ہفتہ زیادہ تیزی سے فروخت ہو ئے۔

2022ء ہوم آفس کا سال

ہرچندکہ کئی لوگ اب گھر سے باہر نکل کر اپنے اپنے دفاتر اور کام کی جگہوں پر جانا شروع ہوگئے ہیں، کئی لوگ اب بھی گھر سے کام کررہے ہیں، مزید برآں کئی کمپنیوں نے کام کرنے کا ہائبرڈ ماڈل اپنا لیا ہے، جس کے تحت ہر ملازم کو ہفتے میں ایک سے دو دن گھر سے کام کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔

زیلو کے موجودہ مکان مالکان سے کیے گئے سروے میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 75 فیصد مالکان نئے سال گھر میں بہتری لانے پر غور کر رہے ہیں، جن میں سے 31فیصد نے ہوم آفس کو شامل کرنے یا اس کی تزئین و آرائش کا منصوبہ بنایا ہے۔

تازہ ترین