• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کا ڈیزائن تیار کرواتے وقت آپ کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ گھر کا ہر حصہ اپنی مثال آپ ہو اور یہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت نظر آئے۔ بیڈ روم، ڈرائنگ روم، لیونگ روم وغیرہ، یہ گھر کے وہ حصے ہیں، جن کا ہر شخص خیال تو رکھتا ہے تاہم بالکنی بھی آپ کےگھر کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے۔ اگر آپ کسی ماہر تعمیرات کی مدد سے گھر بنوا رہے ہیں، تو یقیناً گھر کے مختلف حصوں میں اپنی مرضی اور سہولت کے مطابق گنجائش رکھوا سکتے ہیں لیکن اگر آپ تعمیرشدہ گھر خرید رہے ہیں تو پھر آپ کو گھر کے حصوں پر سمجھوتہ کرنا پڑے گا۔

آجکل جو گھر بنائے جا رہے ہیں، وہ ویسے تو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں مگر بعد میں یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اسے کس طرح منظم کیے رکھتے ہیں۔ آپ کے گھر کی بالکنی کا ڈیزائن چاہے کچھ بھی ہو، آپ اسے کس طرح بہتر طور پر استعمال میں لاسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

اسٹوریج کیلئے الماری

اس بات کا دارومدار ویسے تو اس پر ہوتا ہے کہ آپ کے گھر کی بالکنی کا سائز کتنا ہے لیکن اگر سائز اجازت دے تو اس میں آپ ایک جاذبِ نظر اور جدید بناوٹ کی الماری رکھ سکتے یا بنوا سکتے ہیں تاکہ گھر کا وہ سامان جو روزمرہ استعمال میں نہیں آ رہا، اسے اس الماری میں رکھ دیں۔ اس کی بیرونی سطح پر خوبصورت فارمیکا یا رنگ کرلیں تو نا صرف یہ کہ فالتو سامان ٹھکانے لگ جائے گا بلکہ ایک جانب بنی الماری سے بالکنی کی خوب صورتی میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔ 

بالکنی میں الماری رکھنے کے لیے آپ کے پاس کئی آپشنز موجود ہیں، جن میں سے آپ کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ ایسی الماری کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، جو دیوار کے ساتھ فرش سے لے کر چھت تک جارہی ہو، جبکہ اس کے خانوں کے لیے فولڈنگ یا ریلنگ ڈیزائن کا انتخاب بہتر رہتا ہے۔ اگر آپ نے الماری کو سجاوٹ کے لیے رکھنا ہے تو دیوار کے ساتھ صرف شیلف لگا کر خوبصورتی اور اسٹوریج، دونوں مقصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

کھیل کود کا کونا

بچوںکو کھیلنے کے لیے کئی جگہیں چاہئیں ہوتی ہیں۔ بچے اپنے کمروں میں کھیلنا کودنا پسند کرتے ہیں، وہ گھر کے لان میں بھی خوب موج مستیاں کرتے ہیں، تاہم تبدیلی کے لیے بالکنی کو بچوں کے کھیلنے کے لیے ترتیب دینا بھی ایک اچھا تصور ہوسکتا ہے۔ ’دل مانگے اور‘ کی طرح بچوں کو کھیلنے کے لیے ایک اور جگہ میسر آجائے گی۔ ادھر ادھر کھیلنے کے برعکس، آپ کے بچے جب تک بالکنی میں ہوں گے، وہ محفوظ رہیں گے اور آپ کو ان پر نظر رکھنے کی ضرورت بھی کم محسوس ہوگی۔

باغبانی

آپ اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور آپ کے پاس باغبانی کا شوق پورا کرنے کے لیے کوئی اور جگہ دستیاب نہیں ہے تو کوئی بات نہیں، آپ کے پاس باغبانی کے لیے گھر کی بالکنی سے بہتر اور کوئی جگہ ہوہی نہیں سکتی۔ خوبصورت اور مناسب سائز کے گملے بالکنی کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں، ان گملوں میں مختلف طرح کے چھوٹے چھوٹے پودے اور پھول لگا لیں تو بالکنی کی خوبصورتی بڑھ جائے گی۔ 

اس کے علاوہ چھت سے لٹکائے گئے چھوٹے گملے اور ان میں خوبصورت پتیاں اور باریک چھوٹے پھول بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ مزید برآں، بالکنی میں باہر کی طرف لوہے یا اسٹیل کی جالی لگا کر ان پر گملے رکھ کر ان میں رنگ برنگے چھوٹے پھول لگاسکتے ہیں، جو آپ کی بالکنی کی خوبصورت کو چار چاند لگا دیں گے۔

پانی جمع کرنے کی جگہ

بالکنی کے ایک کونے کو آپ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم بالکنی میں آپ جو کوئی بھی واٹر ٹینک رکھیں، وہ خوبصورت، پائیدار اور جگہ کے لحاظ سے مناسب سائز کا ہونا چاہیے۔ بالکنی میں رکھنے کے لیے لوہے کے ٹینک کے مقابلے میں فائبر یا پلاسٹک سے بنا ٹینک زیادہ بہتر رہے گا۔ ٹینک کا سائز ایسا ہونا چاہیے کہ وہ بالکنی میں بے ڈھنگا محسوس نہ ہو، ورنہ بالکنی کی ساری خوبصورتی خراب ہوجائے گی۔

روشنی کا مناسب انتظام

اندھیرا کسی بھی جگہ کی خوبصورتی اور اس کے استعمال کے مختلف آپشنز کو ختم کردیتا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ بالکنی میں روشنی کا مناسب انتظام رکھا جائے۔ رنگین اور جدید وضع کے بلب لگا کر اس کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ بالکنی کے اندر چھوٹے یا درمیانے سائز کے بلب لگا کر رکھیں تو اس سے نکلنے والی دودھیا روشنی آپ کی بالکنی کو بہت خوبصورت ماحول فراہم کرے گی اور دور سے دیکھنے والے اس جدید وضع کی بالکنی کو دیکھ کر متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

چائے ٹائم

صاف ستھری بالکنی میں بیٹھ کر چائے پینے کا ایک الگ ہی مزہ ہے۔ آپ پلاسٹک کی درمیانے سائز کی خوش رنگ کرسیاں اور فولڈنگ میز رکھ کر اپنے گھر کے افراد اور قریبی احباب کے ساتھ بیٹھ کر چائے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور باہر کا نظارہ بھی کرسکتے ہیں۔ بالکنی میں رکھا ہوا ہلکا پھلکا فرنیچر آپ کے دوستوں کو آپ کے گھر چائے کے لئے آنے پر مجبور کردے گا۔

تعمیرات سے مزید