• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سگریٹ پیتے ویڈیو، علیزے شاہ نے FIA سے رجوع کرلیا


اداکارہ علیزے شاہ نے گاڑی میں بیٹھے اپنی سگریٹ پیتے وائرل ویڈیو پر قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کرلیا۔

حال ہی میں علیزے شاہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں گاڑی میں سگریٹ نوشی کرتے دیکھا گیا جب کہ یہ ویڈیو ایک سوشل میڈیا صارف کی جانب سے بنائی گئی تھی۔

علیزے شاہ نے ویڈیو کے وائرل ہونے پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ڈائریکٹر عمران ریاض نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی ۔

عمران ریاض نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کسی کی بھی اجازت کے بغیر اس کی تصویر لینا یا ویڈیو بنانا، اپ لوڈ کرنا، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا، ٹوئٹ کرنا، ری ٹوئٹ کرنا جیسا کہ ابھی اداکارہ علیزے شاہ کے کیس میں ہوا ہے، یہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے زمرے میں آتا ہے اور یہ ایک جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے والے کو تین سال تک کی سزا یا 10 لاکھ روپے جرمانہ یا یہ دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں لہٰذا احتیاط کریں۔

عمران ریاض کی اسٹوری کو علیزے نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید