اسلام آباد( نمائندہ جنگ) دفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے ہونا چاہئیے،مستحکم اور پرامن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے،افغان مسئلے کا واحد حل ڈائیلاگ ہے امریکہ کے خصوصی مندوب برائے افغا نستا ن و پاکستان رچرڈ اولسن اور امریکی سفیر ڈیووڈہیل سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے پاکستان کو ایف 16کی فنڈنگ روکنے کی امریکی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے کئے جائیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، دو طرفہ تعاون، خطے کی مجموعی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے اپنے ہمہ جہتی تعلقات میں مزید وسعت چاہتا ہے مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے نقطہ نظر اور اس کی خودمختاری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، امریکی مندوب رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کی قدر کرتا ہے۔ بیان کے مطابق دونوں رہنما ئوں نے امن کی خاطر مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ کچھ مسائل اور مشکلا ت کے باوجود امریکی حکومت پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اسے مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔