• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویکسینیشن کیلئے NCOC کا سخت اقدامات کا فیصلہ


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون تیزی سے پھیل رہی ہے، لازمی ویکسینیشن کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک میں کورونا صورتحال اور اس کے بڑھتے کیسز اور ویکسینیشن مہم کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی میجر جنرل ظفر اقبال اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک تھے، اجلاس میں لازمی ویکسینیشن کے لیے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین دن میں کراچی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور وہاں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2 سے بڑھ کر 6 فیصد ہو گئی ہے۔

اجلاس میں این سی او سی کی جانب سے شہریوں کو ویکسین لگانے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ کورونا کی پانچویں لہر سے بچنے کے لیے شہری ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ رکھیں۔

این سی او سی کاکہنا تھا کہ ویکسین یافتہ افراد اومی کرون سے کم متاثر ہو رہے ہیں۔

اجلاس میں ضلع وار ویکسینیشن کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات کی تاکید کی گئی کہ صوبے ویکسینیشن کے مقررہ اہداف جلد از جلد مکمل کریں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 708کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 2افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 144 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 55 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 943 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 235 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے زیرِ علاج مریضوں میں سے 632 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 57 ہزار 168 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 643 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 35 لاکھ 14 ہزار 774 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔


قومی خبریں سے مزید