وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکروٹنی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے 9 خفیہ اکاؤنٹ پکڑے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فرخ حبیب نے کہا کہ وہ کون لوگ ہیں، جنہوں نے ن لیگ کے اکاؤنٹس میں پیسے جمع کرائے ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ ن لیگ کی کمپنیوں کے بھی جعلی اکاؤنٹس ہیں، اسکروٹنی میں ن لیگ کے 9 خفیہ اکاؤنٹ پکڑے گئے ہیں، ن لیگ کو خفیہ اکاؤنٹس کا جواب دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک طرح کی واردات کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن میں بینک اکاؤنٹس جمع کروانے چاہئیں لیکن مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 11 بینک اکاؤنٹس چھپائے۔
فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن سے یکساں قانون کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کے بینک اکاونٹس کی اسکروٹنی کرنے کی اپیل کردی۔