• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفوں کا معاملہ اوپن بھی ہے اور نہیں بھی،فضل الرحمان


جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں سے  استعفوں کا معاملہ اوپن بھی ہے اور نہیں بھی، عمران خان آئیڈیل باتیں کرتے ہیں عملی زندگی اس کے برخلاف ہے،  عمران خان کی ساری زندگی آئیڈیل باتیں کرنے میں گزری ہے۔

اسلام آباد میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین  مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئیڈیل باتیں عمران  خان کی عملی زندگی کے برخلاف ہیں۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ اسکروٹنی کمیٹی تحقیقات میں پی ٹی آئی کا سب کچھ سامنے آچکا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے قانون سازی کے حوالے سے  افواہیں گردش کررہی ہیں، ملک کو آئین کے مطابق چلانے کی ضرورت ہے، چاروں صوبوں میں آئین کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو سالانہ احتساب پر خراج تحسین پیش کیا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف نے کتنے اکاؤنٹس چھپائے؟ سامنے لائے جائیں، سارے سیاستدانوں کی کرپشن عمران خان کی کرپشن تک نہیں پہنچ سکتی، عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے، عمران خان کے لیے جو بات پہلےکی تھی وہ آج پوری ہوتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواہوں سے پریشان ہوجاتا ہوں میڈیا کو معلوم ہے لیکن مجھے نہیں، گالم گلوچ کی باتیں ہمیں تحریک انصاف سے ملی ہی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چھپ کر ریکارڈنگ کرنے کی بات پر کیوں آواز نہیں اٹھائی جاتی؟پرویزرشید ، مریم نواز کی ریکارڈنگ کیوں کی گئی؟کون کر رہا ہے؟ چھپ کر کسی کی کال ریکارڈ کرنا درست نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو باتیں مصطفیٰ کمال نے کیں اس پر غور و فکر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ڈی ایم کا سربراہ ہوں، ن لیگ بڑی جماعت ہے۔

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کو آ ئین و قانون کے مطابق چلنا چاہیے، پی ایس پی مولانا صاحب اور ان کی جماعت کے سیاست میں کردار کا احترام کرتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی اور جمیعت علماء اسلام کی ایک سوچ ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ  وفاق سے فنڈز لے کر صوبائی حکومتیں نچلی سطح پر مہیا نہیں کر رہیں۔

قومی خبریں سے مزید