• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی میں مزید 28 افراد میں اومی کرون کی تصدیق
کراچی میں مزید 28 افراد میں اومی کرون کی تصدیق

محکمۂ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید 28 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں اس وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 191 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

صوبائی محکمۂ صحت کے مطابق شہر قائد میں اومی کرون کے سب سے زیادہ 83 کیسز ضلع شرقی سے سامنے آئے ہیں،دوسرے نمبر پر 49 کیسز کے ساتھ ضلع جنوبی ہے۔

ضلع وسطی میں 13، غربی اور ملیر میں 4،4 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے سندھ آنے والے 3 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے،جبکہ بیرون ملک سے کراچی آنے والے 25 افراد میں ایئرپورٹ پر اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں مزید 95 افراد میں کورونا کی جنوب افریقی قسم اومی کرون کیسزکی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 306 ہوگئی ہے۔

لاہور اور گلگت میں بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ جاری ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد اور گلگت میں ساڑھے 6 فیصد سے زیادہ رہی۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 649 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 3 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 330 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 66 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 972 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 5 ہزار 707 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 17 ہزار 748 زیرِ علاج مریضوں میں سے 617 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 58 ہزار 987 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 2 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 38 لاکھ47 ہزار 572 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید