ملکۂ کوہسار مری میں برفانی طوفان میں 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے مری میں غیر قانونی تعمیرات، عمارتوں، پلازہ اور ہوٹل سیل کرنے کی سفارش کر دی۔
واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے مری میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے جس کے بعد اس نے اپنی سفارشات حکام کو بھیجی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے کار پارکنگ نہ رکھنے والے ہوٹل، شاپنگ مال اور اپارٹمنٹس کو بھی سیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مری ایکسپریس وے سمیت مری کی تمام ملحقہ شاہراہوں پر غیر قانونی تجاوزات بڑی رکاوٹ قرار دی گئی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سانحۂ مری کی تحقیقاتی ٹیم آج بھی متاثرین کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ مری میں ہونے والی شدید طوفانی برف باری کے باعث برف میں پھنسی گاڑیوں میں سوار 23 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔