• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوواک جوکووچ ویزا منسوخی کے فیصلے پر انتہائی مایوس


سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کا کہنا ہے کہ وہ ججوں کی جانب سے ویزا منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھنے پر انتہائی مایوس ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نوواک جوکووچ نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آرام کرنے اور صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگاؤں گا، آسٹریلیا میں نہیں رہ سکتا اور آسٹریلین اوپن میں حصہ نہیں لے سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آسٹریلیا سے اپنی روانگی کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کروں گا، پچھلے ہفتوں توجہ مجھ پر رہی، امید ہے ہم سب ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں۔

سربین ٹینس اسٹار نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں، ٹورنامنٹ کے عہدیدار، عملے، رضاکاروں اور شائقین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

نوواک جوکووچ نے اپنے خاندان، دوستوں، ٹیم، حامیوں، مداحوں اور اپنے ساتھی سربیائی باشندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلین فیڈرل کورٹ نے سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی ویزا منسوخی کے خلاف اپیل مسترد کر دی تھی، نوواک جوکووچ کی بےدخلی کے خلاف اپیل کی سماعت فیڈرل کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بنچ نے کی تھی۔

آسٹریلین حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر جوکووچ کا ویزا منسوخ کردیا تھا، سربین ٹینس اسٹار نے ویزے کی منسوخی کےخلاف اپیل دائر کی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق اپیل مسترد ہونے پر نوواک جوکووچ کو آسٹریلیا سے ملک بدر کردیا جائے گا، عدالتی حکم کے مطابق جوکووچ ملک سے باہر جانے تک حراست میں رہیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید