وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل کراچی کمپنی کے پاس چوری یا ڈکیتی نہیں ہوئی بلکہ دہشتگردوں نے فائرنگ کی تھی، ایک قسم کا سگنل ملا ہے کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات شروع ہوگئے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس سال کا پہلا واقعہ ہے، ہمیں بہت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ساری فورسز ملک کی حفاظت کیلئے جان کا نذرانہ دینے کو تیار ہیں، دونوں ملزمان تک پہنچ گئے ہیں، موٹر بائیکس سے ان کو ٹریس کرلیا ہے۔
شہید پولیس اہل کارمنور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ اسلام آبادکے تھانہ کراچی کمپنی کی حدود جیلانی چوک میں پولیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے تھے ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔