• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: ینگ ڈاکٹرز کی مریض کے لواحقین پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی


لاہور کے سروسز اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے مریض کے انتقال کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کی مریض کے لواحقین پر تشدد کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے عملے کو ایمرجنسی دروازے بند کرنے کا کہا اور باہر جانے والوں کو دھکے دیے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز متاثرہ فیملی پر تشدد کررہے ہیں، ویڈیو میں وائی ڈی اے کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر سلمان حسیب بھی نظر آ رہے ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مریض کے لواحقین پر تشدد کے الزام کی تردید کی تھی۔

5 روز قبل ایمرجنسی میں ایک نوجوان ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

واقعے کی انکوائری رپورٹ میں چند ڈاکٹرز کو قصور وار قرار دیا گیا تھا، جس پر ینگ ڈاکٹرز نےگزشتہ روز انکوائری رپورٹ کیخلاف احتجاجاً ایم ایس آفس کاگھیراؤ کیا تھا۔

ادھر لاہور کے سروسز اسپتال میں ایم ایس کو مبینہ طور پر یرغمال بنانے پر اسپتال انتظامیہ نے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف تادیبی کارروائی کے لئے محکمہ صحت کو مراسلہ لکھ دیا۔

ایم ایس کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز زبردستی ان کے آفس میں داخل ہوئے اور برا بھلا کہا۔

سروسز اسپتال لاہورکی ایمرجنسی وارڈ میں چند دن پہلے 32 سالہ نوجوان مبینہ طور ڈاکٹروں کی غفلت سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

اپنے پاؤں پر چل کر آنے والے نوجوان کو ڈاکٹروں نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں رسیوڈ ڈیڈ لکھ دیا تھا۔

تاہم ایمرجنسی وارڈ کی سی سی ٹی وی ویڈیو نے اس جھوٹ کا پول کھول دیا تھا، ایم ایس سروسزاسپتال ڈاکٹر احتشام نے نوجوان کی موت کو ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کی غفلت قرار دے کر انکوائری شروع کرائی تھی۔

قومی خبریں سے مزید