کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن رمضان المبارک میں ملک کے مختلف شہروں میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹور نامنٹ کے انعقاد کرے گا، پی ایچ ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں جو دس رمضان سے شروع ہوگا جونیئر کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا جس میں پانچ سے چھ ٹیموں کو شامل کیا جائے گا ، ان ٹیموں میں زیادہ تر قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا جس کا مقصد ان کو رواں برس دسمبر میں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کرانا ہے۔انہیں اس ایونٹ سے فٹ رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر شہروں کراچی، شیخورہ پورہ، وہاڑی ، بنوں اور گوجرہ میں ہونے والے ایونٹس میں سینئر کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اس طرز کی ہاکی کو ڈومیسٹک ایونٹ میں متعارف کرانے کا مقصد انڈور ہاکی مقابلوں کے لئے ایک بہتر ٹیم کی تشکیل دینا ہے۔