وزیر اعظم عمران خان سے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا، کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے پی ایس ایل سیزن 7 میں قلندرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، معاون خصوصی عثمان ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس بار لاہور قلندرز پی ایس ایل ٹرافی جیت سکتی ہے، نوجوان کپتان کا انتخاب لاہور قلندرز مینجمنٹ کا اچھا فیصلہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں نے ہمیشہ نتیجے تبدیل کئے ہیں، لاہور قلندرز نے فرنچائز میں اپنا منفرد مقام پیدا کیا ہے، گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد لاہور قلندرز کا خاصا ہے۔
سی ای او رانا عاطف نے لاہور قلندرز کی ماضی میں خدمات سے آگا ہ کیا اور وزیر اعظم کو لاہور قلندرز کے آئندہ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے کہاکہ کامیاب نوجوان پروگرام میں ٹیلنٹ ہنٹ کا کردار قابل ستائش ہے، سیالکوٹ میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران ملنے والے فاسٹ بولر محمد زاہد بھی وزیراعظم سے ملاقات میں شامل تھے۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ پی ایس ایل میں نئے ٹیلنٹ کو پرفارم کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، کوئی شک نہیں کہ پی ایس ایل پاکستان کا بڑا برانڈ بن چکا ہے، امید ہے کہ پی ایس ایل سیزن 7 میں عوام کو بہترین میچز دیکھنےکو ملیں گے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حکومت یقینی بنا رہی ہےکہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کرکٹر شاہین آفریدی کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو بھی سراہا۔
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل میچز میں کامیاب جوان پروگرام کیلئے خصوصی انکلوژر دینے کا اعلان کیا ، معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہاکہ میچز کے دوران کامیاب جوان کے ہیروز کو میچز دیکھنے کی خصوصی دعوت دی جائیگی۔
عثمان ڈار نے کہاکہ قلندرز کی طرح دیگر فرنچازز بھی ٹیلنٹ کی تلاش میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر عاطف رانا کاکہنا تھا کہ کئی سابق پاکستانی کھلاڑیوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ ختم ہوچکا ہے،جبکہ ایسا نہیں ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہورقلندرزنے ہمیشہ یہی سوچا کہ جب بھی جیتیں گے تسلسل کے ساتھ جیتیں گے،شاہین شاہ آفریدی سے امیدیں ہیں کہ اس بار لاہور قلندرز کو فتح حاصل ہوگی۔
سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہاکہ دعا کریں کہ پی ایس ایل کا ٹورنامنٹ کورونا وائرس کے باعث بند نہ ہو۔
عثمان ڈار نے کہاکہمیں لاہورقلندرز کو پاکستان میں کرکٹ کی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پاکستان میں گراؤنڈز تو ہیں لیکن ان کی تزئین وآرائش نہیں کی جاتی،سیالکوٹ اور فیصل آباد میں ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔
عاطف رانا نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کرنے کا پروگرام تھا لیکن کورونا آگیا،انہوں نے بتایا کہ ملک میں 12 سے زائد ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کرنے کا پلان ہے۔