کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں اور بھارت کے غیرقانونی قبضے کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے مقبوضہ وادی میں سول کرفیو نافذ کیا جائے۔
حریت رہنما نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث بھارت کو سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں، کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں حفاظتی اقدامات کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔