کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سیکیورٹی کے میچز کے حوالے سے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ( ایس ایس یو ) ہیڈ کوارٹرمیں سیکیورٹی کوآرڈینیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایونٹ کے آغاز سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن نے کی۔
ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان، پاک آرمی کے کرنل شکر زئی، کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، سندھ رینجرز اور پی سی بی کے حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے شرکاء کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار جن میں ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ، سندھ رینجرز، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم کراچی، کراچی ایئرپورٹ، راستوں، ہوٹلوں، پریکٹس گراؤنڈز اور دیگر مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اور ہدایات جاری کیں کہ ایونٹ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میچز کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں عوام کی سہولت کیلئے کھلی رہیں گی، تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔
تماشائیوں کی سہولت کیلئے ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے لے کر انکلوژرز تک تماشائیوں کی مکمل رہنمائی اور مدد کریں گے۔