• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راوی اربن پراجیکٹ پر کیس صحیح طرح پیش نہیں کیا، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنی ہی ٹیم پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ راوی اربن پراجیکٹ پر حکومت نے کیس صحیح طرح پیش نہیں کیا، اس پراجیکٹ کو سپریم کورٹ میں لے جا رہے ہیں ، ایسے پراجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے، ورنہ کراچی جیسے مسائل پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم رکھ جھوک شیخوپورہ پہنچے، جہاں راوی ریور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے انہیں منصوبے پر بریفنگ دی، عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک جدید شہر بنایا جا رہا ہے، ایک جنگل بھی بنا رہے ہیں، یہ 20 ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے، اس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہاکہ آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے شہر بسانے کی ضرورت ہے، شہر پھیلتے گئے تو گیس، بجلی اور صاف پانی کی سہولتیں فراہم نہیں کی جا سکیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے پراجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے، ورنہ کراچی جیسے مسائل پیدا ہوں گے، ملکی تاریخ میں بہت دیر کے بعد اتنا بڑا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے بعد پلاننگ کے تحت یہ دوسرا شہر بننے جا رہا ہے، دریائے راوی ختم ہورہا ہے ہم اسے محفوظ کریں گے۔

عمران خان نے کہاکہ سندھ میں بنڈل جزیرے پر بھی نیا شہر بنائیں مگرسندھ حکومت رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

واضح رہے کہ لاہورہائیکورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کالعدم قرار دیا تھا، پنجاب حکومت نے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہےجہاں اس کی سماعت پیر کو ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید