پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست ہوئی تو وہیں وِل سمیڈ ہارنے کے بعد بھی شائقینِ کرکٹ کے لیے ہیرو بن گئے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شائقین کرکٹ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شاندار بلے باز وِل سمیڈ کے لیے تعریفوں کے پُل باندھ دیے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز وِل سمیڈ نے پشاور زلمی کے خلاف صرف 62 گیندوں پر 97 رنز کی سنسنی خیز اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے پشاور زلمی کے گیند بازوں کو خوب دھویا۔
پشاور زلمی کے خلاف وِل سمیڈ کا شاندار اسکور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پی ایس ایل ڈیبیو پر دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔
اگرچہ 20 سالہ کھلاڑی وِل سمیڈ سنچری سے محروم رہے لیکن اُنہوں نے اپنی شاندار اننگز کی بدولت شائقین کے دل جیت لیے۔
شائقین کرکٹ اور دیگر کھلاڑیوں نے دائیں ہاتھ کے بلے باز وِل اسمیڈ کو اُن کی شاندار اننگز پر داد دی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے 191 رنز کا ہدف 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کیا۔
پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے قائدانہ اننگز کھیلی اور 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حسین طلعت نے 29 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر فتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے چھینی۔