کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے ، آسٹریلیا کا دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آسٹریلوی کھلاڑی بھی پاکستان آنے کےلیے پرجوش ہوں گے۔پورا پاکستان آئے گا ان میچز کو دیکھنے۔ لاہور میں پاکستانی ریڈ بال ٹیم نے سیریز کی تیاریوں کے لئے کیمپ میں ٹریننگ شروع کردی ہے۔ ہفتے کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہٹیسٹ سیریز کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں،کوشش ہے کہ جتنی بھی تیاری ہو سکے کریں،یہ ایک اچھی سیریز ہو گی۔پاکستان کرکٹ کے لیے آسٹریلیا کا دورہ بہت اہم ہے اس کے بعد دیگر ٹیمیں بھی آئیں گی، کوشش ہوگی کہ ہم اچھے میزبان ثابت ہوں اور آسٹریلیا کی ٹیم اچھی یادیں لے کر جائے۔ پر امید ہیں کہ فل اسٹرنتھ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز ہیں، اور ٹیسٹ چیمپئن ہر ٹیم کے لیے اہم ہے پوری ٹیم آنی چاہیے ۔ آسٹریلوی کھلاڑی بھی پاکستان آنے کے لیے پرجوش ہوں گے، اسٹیو اسمتھ، لابوشین اور وارنر جیسے کھلاڑیوں کو ہمارے نوجوان دیکھنا چاہیں گے۔ آسٹریلیا کے ورلڈ کلاس کرکٹرز نوجوانوں اور فینز کے لیے انسپائریشن ہوں گے، آسٹریلیا کی جتنی مضبوط ٹیم پاکستان آئے گی اتنی اچھی سیریز ہو گی۔