لاہور قلندرز نے پی ایس ایل سیون کے پہلے ٹاکرے میں کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی۔
کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا جو اس نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔
قلندرز کے فخر زمان صرف 60 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، اور یہ رواں سیزن میں پہلی سنچری بھی ہے۔
محمد حفیظ نے 24 رنز بنائے جبکہ سمت پٹیل 26 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف نے دو جبکہ عماد وسیم اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ لی۔
کراچی کنگز کی بیٹنگ:
کراچی کنگز کو اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور شرجیل خان نے 84 رنز کی بہترین پارٹنر شپ قائم کی جہاں 60 رنز بنا کر شرجیل خان آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ جو کلارک کے 24 اور محمد نبی کے 15 رنز کی بدولت کراچی کنگز 170 کے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ کراچی کنگنز کو اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لاہور قلندرز کا بھی ایونٹ میں ناکامی کے ساتھ آغاز ہوا۔
پلیئر آف دا میچ:
رواں سیزن میں پہلی سنچری بنانے والے لاہور قلندرز کے فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹاس:
کرچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پلیئنگ الیونز:
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ کراچی کنگز میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے مطابق محمد عمران اور ٹام لمونبے کی جگہ پر صاحبزادہ فرحان اور عمید آصف کو شامل کیا گیا ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، جو کلارک، محمد نبی، صاحبزادہ فرحان، لوئس گریگوری، عامر یامین، عمید آصف، محمد طحہٰ، عماد وسیم اور محمد الیاس پر مشتمل ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد حفیظ، کامران غلام، سمت پٹیل، بین ڈنک، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔