• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی نوجوان نے سر میں پھنسی گولی کے ساتھ 20 سال گزاردیے

20 برس سے شدید سر درد میں مبتلا ایک نوجوان چینی شہری یہ سن کر حیران رہ گیا کہ دو عشرے قبل اس کے سر کے بائیں جانب سے لگنے والی گولی اسکی کھوپڑی کے اندر موجود ہے، جس کی وجہ سے وہ اس تکلیف کا شکار ہے۔

چین کے علاقے شینزن سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ  ژیاؤ چن (فرضی نام) کی یاداشت کے مطابق اسے اکثر سر میں سخت قسم کی تکلیف ہوجایا کرتی تھی۔

کچھ عرصے سے یہ تکلیف کافی بڑھ گئی تھی۔ پہلے تو وہ یہ سمجھا کہ شاید نیند کی کمی کے باعث اسے یہ درد ہے، لیکن یہ بات اس لیے غلط ثابت ہوئی کیونکہ اسے سونے کے دوران تکلیف ہوتی اور وہ جاگ جاتا تھا۔

جب صورتحال کافی تکلیف دہ ہوئی تو اس نے اسپتال جانے کا فیصلہ کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کرنے کے بعد اسے یہ حیران کن بات بتائی کہ اس کے سر میں ایک دھاتی گولی موجود ہے۔

ڈاکٹروں نے اسے مزید بتایا کہ وہ خوش قسمت ہے کہ گولی اسکے ماتھے کے قریب ہونے کے باوجود کھوپڑی کے اندر داخل نہ ہوئی، ڈاکٹروں نے اس کی گزشتہ ماہ ایمرجنسی سرجری کرکے کامیابی سے اس بلٹ کو نکال دیا۔

چینی نوجوان نے بتایا کہ جب وہ 8 سال کا تھا تو وہ اور اس کا بھائی ایئرگن سے کھیل رہے تھے، جو حادثاتی طور پر چل گئی اور گولی اس کے سر کی طرف لگی، وہ بہت گھبرایا اور والدین کے خوف سے اس نے سر پر آنے والا زخم اپنے بالوں سے چھپا لیا تھا۔ زخم کافی تکلیف دہ تھا تاہم اُس وقت اس نے اسے نظرانداز کردیا تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید